• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصا ف کےنااہل،چور حکمران سب کو بخشوادینگے، فضل الرحمان

پشاور(نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس انسانی مسئلہ ہے جس سے پوری دنیا اضطراب سے گزرہی ہے ، اس لئے وبا پر سیاست کسی صورت مناسب نہیں البتہ حکومت کورونا وبا کے بعد کے حالات کیلئے لائحہ عمل مرتب کرے، نااہل حکمران کی وجہ سے ملک کی معیشت پہلے ہی ڈوب رہی تھی رہی سہی کسر کورونا نے پوری کردی ہے، ملک میں احتساب ایک ڈرامہ ہے، نیب تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس سے کیوں اجتناب کررہا ہے؟ بلین ٹری اور بی آر ٹی پر کیوں خاموش ہے؟ حکمران چور ہیں جنہوں نے خود شکنجے میں آنے پر احتساب کمیشن تک ختم کردیا، موجودہ نااہل حکمران سب کو بخشوادیں گے، چینی سکینڈل رپورٹ جاری نہیں لیک ہوئی ہے، کیا وزیر اعظم کو معلوم نہیں کہ ان کی کچن کابینہ کیا کررہی ہے؟ چیف جسٹس کا مشیر صحت کو ہٹانے کا حکم تو ایک علامتی فیصلہ ہے اصل سوالیہ نشان تو حکومت اور پوری کابینہ پر کھڑا ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان نے پشاور پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کو مبارک باد دی ، انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا اضطراب اور تشویش سے دوچار ہے، یہ ایک انسانی مسئلہ ہے جس کے عالمی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
تازہ ترین