پشاور، کوئٹہ(نمائندگان جنگ)جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے جنگ اور جیوگروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو ناجائز اورآزادی صحافت پر قدغن قرار دیا ہے، تحریک انصاف حکومت جبر کے ذریعے صحافت کا گلہ گھونٹ رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف پشاور میں جنگ میڈیاگروپ کے دفاتر کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ کے آٹھویں روزشرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کوئٹہ میں بھوک ہڑتالی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے سربراہ و بزرگ قوم پرست سیاستدان ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے کہا ہے کہ پوری دنیا کورونا کیخلاف متحد ہوچکی ہے ، حکومت انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے ، حکمرانوں کی پالیسیاں کسی صورت ملک کیلئے نیک شگون نہیں،انہوں نے کہاکہ میر شکیل الرحمٰن کے خلاف 34سال پرانے ایک مقدمے میں گرفتاری کی کوئی منطق نہیں ،جنگ اور جیو نیوز کی ملک میں خدمات کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ پشاور کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر حاجی غلام علی، صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاالحق درویش، سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی، سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی خالد وقار چمکنی، جے یو آئی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالجلیل جان اور جمعیت کے دیگر قائدین کیساتھ جنگ اور جیو کے صحافیوں اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، جنگ گروپ کے ارشد عزیز ملک نے مولانا فضل الرحمان اور پارٹی قائدین کا شکریہ ادا کیا، ارشد عزیز ملک نے کہاکہ جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف پشاور میں بھوک ہڑتالی کیمپ گزشتہ 8دنوں سے جاری ہے جبکہ غیر قانونی گرفتاری کیخلاف ملک بھر کے صحافی سراپا احتجاج ہیں ، جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان نے جنگ اور جیوگروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو ناجائز اورآزادی صحافت پر قدغن قرار دیا ہے، انہوں نے میر شکیل الرحمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ حکومت وقت ریاستی اداروں کو سیاست دانوں اور سیا سی مخالفین کو چور ثابت کرنے کیلئے استعمال کررہی ہے، جمہوری ماحول میں میڈیا اور صحافت کا ایک کلیدی کردار ہوتا ہے لیکن تحریک انصاف حکومت جبر کے ذریعے صحافت کا گلہ گھونٹ رہی ہے۔بعد ازاں مولانا فضل الرحمان نے میر شکیل الرحمان کی رہائی اورصحافیوں کے معاشی قتل عام کے خاتمے کیلئے اجتماعی دعا کرائی۔بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں اور صحافیوں نے جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو حکمرانوں کی بد حواسی قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کا فوری سومو ٹو نوٹس لیا جائے ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ ،قومی انقلابی پارٹی کے صوبائی صدر سمیع اللہ لونی ، جنگ کے چیئرمین ایڈیٹوریل کمیٹی سید خلیل الرحمٰن ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق سٹی ناظم محمد رحیم کاکڑ ، مسلم لیگ لائرز فورم کے سابق صوبائی صدر طارق بٹ ایڈووکیٹ اور جنگ ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری حماد اللہ سیا پاد نے بھی پیر کو جنگ و جیو نیوز کے زیر اہتمام میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی کیمپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے اگر احتجاج کو ملک گیر سطح پر وسعت دینے کی ضرورت پڑی تو اس سے بھی دریغ نہیں کیا جائیگا۔ ایم این اے آغا حسن بلوچ نےکہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور میر شکیل الرحمن کی فوری رہائی کو یقینی بنائیں ۔اس موقع پر سمیع اللہ لونی ، جنگ کے سید خلیل الرحمٰن ، محمد رحیم کاکڑ ، طارق بٹ ایڈووکیٹ اور دیگر نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد خود نیب کی ساکھ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔