گرمی کے بعد کراچی کے موسم میں اب خوشگوار تبدیلی آئی ہے، مطلع ابر آلود ہے اور سمندری ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں ہوائیں مغرب کی سمت سے 18 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔
دوسری جانب صحرائے تھر میں علاقہ مکینوں کو کورونا کے بعد شدید گرمی کے لاک ڈائون کا بھی سامنا ہے، صحرا میں پڑنے والی شدید گرمی نے مکینوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
بھوک پیاس کے دیس تھر میں علاقہ مکین لاک ڈائون کے باعث بے روزگاری کا شکار ہیں تو دوسری جانب گزشتہ 2 روز سے جاری شدید گرمی کی لہر نے بھی ان کی زندگی عذاب بنا کر رکھ دی ہے، شدید گرمی کے سبب معمولاتِزندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔
کورونا کے حوالے سے دیہی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کا بدترین فقدان ہے اور زیادہ تر لوگوں نے خود کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے، اس پر اچانک پڑنے والی شدید گرمی ایک اور مصیبت بن کر آئی ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خدشے اور حالیہ سیزن میں متوقع شدید گرمی کے سبب پیدا ہونے والے حالات پر قابو پانی کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان
ادھر وادیٔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے، اس کے ساتھ ساتھ آج کوئٹہ، قلات، خضدار، بارکھان اور ژوب میں بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں بھی مطلع ابر آلود ہے جبکہ صبح سے ہی ہلکی ہوا چلنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔
کوئٹہ کے علاوہ مستونگ، قلات، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ سمیت مختلف علاقوں میں مطلع کہیں مکمل، کہیں جزوی ابر آلود ہے۔
آج صبح ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجۂ حرارت کے مطابق کوئٹہ میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 8، نوکنڈی میں 15، ژوب میں 17، لسبیلہ میں 18، پنجگور اور گوادر میں 19 ، خضدار میں 20 اور سبی میں 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔