کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم قومی اتفاق رائے قائم کرنے میں ناکام ہیں ،مشترکہ مفادات کونسل کی بجائے قومی کو آرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی معاشی صورتحال پرلائحہ عمل بنانے والے منتخب نمائندے نہیں ہیں،مربوط قومی پالیسی کے لیے سینیٹ کا اجلاس بلاکرمشاورت کا دائرہ وسیع کیا جائے۔ سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے حالات میں پارلیمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ لیڈر شپ دے۔سینیٹ سے بہتر پارلیمان کا کوئی ہاؤس نہیں ہو سکتا ۔وہاں سے ایک مشترکہ مسیج پاکستان کے عوام کو دیا جاسکتا ہے۔یہ پارلیمان کے لیے اہم ہے کہ وہ اپنا کھویا ہوا مقام واپس لے سکے ،کراچی پریس کلب میں پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر وقارمہدی،پیپلزپارٹی سندھ کے نائب صدرراشدربانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سینیٹ کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کے لیے چیئرمین سینٹ کو خط لکھا ہے جلد سینیٹ کا اجلاس بلاکر موجودہ صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتفاق رائے سے پالیسی بنائی جائے۔