وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ ابھی بھی وقت ہے، مراد علی شاہ اپنی ترجیحات کا از سر نو جائزہ لیں، ہم مسلسل نشاندہی کررہے ہیں کہ سندھ کے عوام کی جانیں بچانے کے لیے درست حکمت علمی درکار ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی پریس کانفرنس پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ وفاقی حکومت طبی آلات کیساتھ مزدوروں میں وظیفے کی تقسیم تک ہرقدم پر سندھ حکومت کا ہاتھ بٹا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو بے یار و مددگار گھروں میں قید کرنے کی بجائے ان کیلئے راشن و مالیات فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مراد علی شاہ میں یہ احساس زندہ ہو کہ بدحالی، بھوک اور بیماری سندھ کےعوام کا مقدر نہیں ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مراد علی شاہ وفاق کے دست تعاون سے بھرپور استفادہ کریں، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ اشرافیہ کی بجائے عوام کے تحفظ کو ترجیح بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سرکار کی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ نا خود فیصلہ کرتی ہے نا کسی راست تجویز پر عمل کرتی ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ بھوک اور بیماری بیک وقت عوام پر حملہ آور ہیں، بھوک سے مجبور عوام سڑکوں کا رخ کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور سماجی فاصلے ناکارہ ہوجائیں گے، جبکہ عوام کو گھروں تک محدود کرنے سے لے کر ان کی خوراک کے انتظام تک ہرکام عملی اقدامات کا متقاضی ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ مؤثر حکمت عملی اورمناسب اقدامات کے ذریعے ہی عوام کا تحفظ ممکن ہے، مراد علی شاہ بغیر مزید وقت ضائع کیے عوام کیلئے وفاق کی طرز پرعملی اقدامات اٹھائیں۔