• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروا لوڈشیڈنگ پشاور قومی جرگہ نے احتجاج کی دھمکی دیدی

پشاور(وقائع نگار)پشاور قومی جرگہ نے پشاور کے شہری و دیہی علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ میں آٹھ سے بارہ گھنٹہ اضافہ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے پیسکو حکام کو خبردار کیا ہے کہ اگر غیر ضروری و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فیصلہ فوری واپس نہ لیا گیا تو پشاور کے عوام شہر میں نافذ دفعہ 144کی پرواہ کئے بغیر واپڈا ہاؤس کی جانب مارچ کر کے اسے تالا لگا کر اس ناروا اقدام کے خلاف آواز بلند کر دیگی۔ مسلم لیگ‘‘ن’’کے رہنما اور پشاور قومی جرگہ کے ترجمان ارباب خضرحیات نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا ملک اس وقت لاک ڈاؤن ہے انڈسٹریز،مارکٹیں، سرکاری و غیر سرکاری دفاتر سب کچھ بند ہے ایسے میں حکومت کو لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ کرنا چاہیئے تھا مگر افسوس کی بات ہے کہ نااہل حکمرانوں نے لوڈشیڈنگ میں آٹھ سے بارہ گھنٹوں کا اضافہ کر دیا ہے جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے عوام پہلے ہی پریشانی سے دو چار ہے جبکہ کرونا وائرس کی سب سے اہم تدابیر میں پانی کا استعمال بہت ضروری ہے لیکن اگر عوام کو بجلی ہی مہیا نہیں کی جائے گی تو پانی کہاں سے ملے گا اور دوسری طرف رمضان کا بابرکت مہینہ بھی شروع ہونے والا ہے تو لوڈ شیڈنگ میں بے تحاشہ اور بے معنی اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا کام عوام کو مشکل وقت میں ریلیف دینا ہوتا ہے۔
تازہ ترین