پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور یونائٹیڈ بزنس گروپ نے جیوجنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف پشاور میں صحافیوں کا احتجاج جاری ہے، احتجاجی مظاہرے میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
جنرل سیکریڑی ہائی کورٹ بار ایوسی ایشن عابد علی خان نے مظاہرین سے خطاب میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب میرشکیل الرحمٰن نیب سے تعاون کررہے تھے تو ان کو کیوں گرفتار کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے میں سرحد چیمبر آف کامرس کے وفد نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے رہنما الیاس بلور کی سربراہی میں شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب میں الیاس بلور نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے انکی فوری رہائی کامطالبہ کیا۔
مظاہرے میں سیاسی رہنماوں اور سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور یقین دلایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جنگ گروپ کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔