وزیر ریلوے شیخ رشید احمدکا کہنا ہے کہ ریلوے نے کسی ملازم کی تنخواہ نہیں روکی، مزدور اور پنشنرز کو بروقت تنخواہ دی جارہی ہے۔
لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہا کہ30 کوچز پرمشتمل ٹرین کل چمن کے لیے روانہ کی جائے گی جس میں دو میڈیکل ایمبولنس شامل ہیں اور کل 11 بجے تفتان کےلیے ٹرین چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 5 کروڑ ایک لاکھ 85 ہزار کا چیک دیں گے۔ دنیائے سیاست میں عمران خان کے کردار کو یاد رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علماء کا خاص خیال رکھاجائے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ این ڈی ایم نے 10 ہزار ماسک فراہم کیے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں بھی کورونا وائرس کا تدارک نہیں ہوسکا۔ ہمیں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے۔ کورونا سے محنت کش طبقے کو معاشی دھچکا پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ستر ملکوں کی لسٹ میں پاکستان کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔ 50یا 200 لوگ بھی احتیاط کے ساتھ نماز یا تراویح ادا کرسکتے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں نے دم کیا ہے اس لیے کل شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے، وہ یہ سوچ کر آئے تھے کہ لاک ڈاؤن سے حکومت ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب شہباز شریف سوچ رہے ہوں گے کہ لندن کیسے جائیں ؟ شہباز شریف لندن جائیں گے یا جیل وقت بتائے گا۔
اُن کا کہنا ہے کہ مجھ سمیت کسی بھی وزیر کا نام آیا تو کارروائی ہوگی۔ آئی پی پی ،شوگر سے متعلق رپورٹیں عمران خان کے دور میں نکلیں ہیں۔ یہ چورعمران خان کے دور میں چھوٹ گئے تو ان کو کوئی نہیں پکڑ سکے گا۔
وزیراعظم عمران خان کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ تین رپورٹوں کا مجھے علم ہے چوتھی کا علم نہیں، میں نے فلور ملز کی بات کی تھی چینی بعد میں نکل آئی۔ اسد عمر نے سبسڈی نہیں دی ،سبسڈی کا فیصلہ پنجاب میں ہوا، مجھے نہیں پتا اس معاملے کا نزلہ پنجاب میں کس پر گرے گا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ جو جو وزیر جس رپورٹ میں پایا گیا اسے پھکی ضرور ملے گی۔ جہانگیر ترین پی ٹی آئی کا اہم حصہ ہیں، اگر عمران خان جہانگیر ترین سے فاصلہ کر سکتے ہیں تو دوسرے وزیروں سے بھی کرسکتے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ چینی کا معاملہ اب آسان مسئلہ نہیں ہے۔ حالات کا تقاضا ہے کہ سرحدوں پر چھوٹی موٹی نوک جھونک ختم ہو۔
پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ مزدور ایک دن اور افسر تین دن کی تنخواہ وزیر اعظم فنڈ میں دیں گے۔