جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت نے علماء کی مشاورت سے جو فیصلہ کیا ہے اس کا احترام کیا جانا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی کے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن نےکہا کہ جب ایک مسئلے پر اتفاق رائے یعنی اجماع ہوجاتا ہے تو اس کا احترام کیا جانا چاہیے، اس کے بعد کسی کی رائے ذاتی رائے ہی رہ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کراچی میں ہوئے بین المسالک اجتماع میں اپنی طرف سے تجاویز دے دی تھیں، وہ ایک مشترکہ فورم بن گیا، جس میں یکساں نوعیت کی آراء سامنے آئیں۔
مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ہندوستان کے علماء کی جو آراء آئیں وہ تقریباً اس کے برابر برابر تھیں، یہاں تک کہ میں نے نیپال کے جمعیت علماء کے ذمے دار کی بات سنی تو وہ بھی یہی تھی کہ صرف چند لوگوں کو جاکر مساجد میں نماز ادا کرنی چاہیے۔