• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کا رونا اور پیسہ کھانا بند کرو: فردوس شمیم نقوی

سندھ اسمبلی میں قائدِحزبِ اختلاف اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کا بہت برا حال کردیا، صرف کورونا کورونا کا رونا نہیں کرو، پیسہ کھانا بند کرو، اسپتال ٹھیک کرو، کے 4 منصوبہ شروع کرو۔

کراچی میں حلیم عادل شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کو کورونا وائرس میں متحد ہو کر چلنے کا کہا۔

یہ بھی پڑھیئے: لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے، فردوس شمیم

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک نقطۂ نظر پیش کیا جسے وزیرِ اعظم نے درست قرار دیا، ہم خود سے کوئی جملے بازی نہیں کریں گے، سچ بولیں گے۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ سعید غنی نے کہا کہ بیان بازی کا سلسلہ فردوس شمیم، حلیم عادل اور فیصل واوڈا نے شروع کیا، 19 مارچ کو لکھا کہ فیڈرل گورنمنٹ صحیح کام نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف مرتضیٰ وہاب بولتے ہیں کہ وفاق ہمیں کٹس نہیں دیتی، پھر پتہ چلتا ہے کہ سندھ حکومت نے وفاق سے کٹس امپورٹ کر لی، سندھ گورنمنٹ نے پھر کہا کہ جعلی کٹس دی ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ میرے حلقے میں علاقے سیل کر دیے گئے، کچی آبادیوں میں سماجی فاصلہ ممکن نہیں، ہم وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ان کے وزراء کو وکٹ کے دونوں طرف نہیں کھیلنے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے مطابق سندھ میں لاک ڈاؤن نہیں ہے، لاک ڈاؤن صرف سڑکوں پر ہے، اندرونی علاقے کھلے ہوئے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف نے یہ بھی کہا کہ جب کچھ نہیں ہوسکا تو بیکری اور دیگر دکانیں کھولنا شروع کر دیں، جب وفاق نے کہا کہ چھوٹی دکانیں کھول دیں تو سندھ حکومت نے منع کر دیا۔

تازہ ترین