تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: رانیہ علی
ملبوسات: شاہ پوش
اسکارفس: حجاب النساء
آرایش: رومان علی
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
یہ ہماری خوش بختی ہے کہ امسال بھی ہم رمضان المبارک کی رحمتوں، برکتوں سے مستفید ہو رہے ہیں، مگر حالات یک سر مختلف ہیں اور ہر دِل یہی دُعا کررہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے نجات ملے اور ہماری زندگیوں میں ایک بار پھر صُبحِ پُرنور کا اُجالا بکھرے۔ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے کہ’’جو شخص کسی روزہ دار کا روزہ افطار کروائے، تو اس کے لیےگناہوں سے مغفرت اور دوزخ کی آگ سے رہائی ہے۔ اس کو اُتنا ہی ثواب ملے گا، جتنا روزے دار کو ، اور اس سے روزے دار کے ثواب میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔‘‘ امسال روزہ افطار کروانے کی ایک صُورت یہ بھی ہو سکتی ہے کہ حسبِ توفیق سفید پوش گھرانوں میں راشن تقسیم کیا جائے، تاکہ وہ خوددار افراد، جو انتہائی افلاس میں بھی کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے، وہ بھی اپنا رمضان المبارک کسی قدر سُکون سے گزار سکیں۔
بلاشبہ مخلوقِ خدا کی خدمت ہی میں حقیقی خوشی پوشیدہ ہے، جس سے روح تک سرشار ہوجاتی ہے۔ گرچہ حفظِ ماتقدم کے طور پر امسال نمازِ تراویح اور افطار کی اجتماعی تقریبات کی وہ شان و شوکت نہیں ہوگی۔ تاہم، اُمّتِ مسلمہ رمضان المبارک کے تمام تر آداب تو بجا لائے گی، لہٰذا آج ہم نے بھی اپنی بزم اِسی مناسبت سے کچھ دِل کش ملبوسات اور اسکارفس سے مرصّع کی ہے۔
ذرادیکھیے، سفید رنگ ٹراؤزر اور نیلے رنگ کی پھول دار پرنٹڈ قمیص کے ساتھ ساٹن سِلک کا سُرخ رنگ پرنٹڈ اسکارف کس قدر پیارا اور باوقار لگ رہا ہے۔ ساٹن سِلک فیبرک میں فون رنگ پیراہن بھی کچھ کم حسین نہیں۔پلین ٹراؤزر کے ساتھ پرنٹڈ قمیص ہے، جس کے گلے پر تھریڈ ورک نمایاں ہے، تو سُرخ پرنٹڈ دامن پر بیل بھی بھلی لگ رہی ہے، جب کہ فون رنگ پھول دار اسکارف خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔ پھر فون رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ لائٹ گرین بیس میں گول دامن پرنٹد قمیص خُوب کِھل رہی ہے، تو ساتھ ساٹن سِلک میں عنّابی رنگ پرنٹڈ اسکارف کا انداز بھی جداگانہ ہے۔ اِسی طرح کریم رنگ ٹراؤزر اور فیروزی رنگ سیلف پرنٹڈ قمیص کے ساتھ گہرے نیلے رنگ کا پرنٹڈ اسکارف ایک عمدہ انتخاب ہے، تو ٹرکوائز رنگ پرنٹڈ قمیص کے ساتھ اسٹیل بلیو رنگ اسکارف کا تال میل بھی اچھا ہے۔