• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ٹیکس صرف قانون کے ذریعے عائد کیے جاسکتے ہیں‘ رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ ٹیکس صرف قانون کے ذریعے عائد کیے جاسکتے ہیں۔

رضا ربانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا بحران کے دوران ریاست کے دو جزو ایگزیکٹو اور عدلیہ فعال ہیں۔ پارلیمنٹ کے اجلاس طلبی پر ایسا تاثردیا جا رہا ہے کہ یہ وائرس پھیلاؤ کا مرکز بن جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس طلب نا کرنے کا مقصد پارلیمانی نگرانی سے اجتناب کرنا ہے۔ ریلیف آپریشن کی پارلیمانی نگرانی سے بچنے کی خاطر ایسا کیا جارہا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ حکومت نے کورونا بحران میں مختلف صنعتی شعبوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا، صنعتی شعبے کے لیے ٹیکس پیکج کا اعلان پارلیمنٹ کے بغیر کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرڈیننس جاری کیے جارہے ہیں، ٹیکس صرف قانون کے ذریعے عائد کیے جاسکتے ہیں۔

اپنے بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ ہمارے پاس ورچوئل اجلاس منعقد کرنے کی نا تو تکنیکی سہولیات ہیں نا رولز اجازت دیتے ہیں۔

ورچوئل پارلیمنٹ کے تصور کو مسترد کرتے ہیں۔ ماضی اور حال میں پارلیمنٹ کی تضحیک کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات ہمارے اپنے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔ اس کے علاوہ اُن کا کہنا تھا کہ انسداد منشیات آرڈیننس میں خفیہ ایجنسیوں کا کردار پارلیمانی بحث کے بغیرشامل کیا گیا۔ 

تازہ ترین