جنگ و جیو کے ایڈیٹر ان چیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف پشاور اور کوئٹہ میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز نے شدید احتجاج کیا۔
کوئٹہ میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاج مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج میں سینئر وکلاء رہنماء علی احمد کرد ایڈووکیٹ، وائس چیئرمین ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی رضا وکیل، بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد نے بھی شرکت کی۔
علی احمد کرد نے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کو بدترین انتقامی کارروائی کانشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ اور جیو نیٹ ورک کے ایڈیٹر انچیف کے کیس میں کئی روز بعد بھی ریفرنس کا دائر نہ ہونا نیب کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
پشاور میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف جنگ اور جیو کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا گیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ جنگ گروپ کو سچ اور حق کی آواز بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، حکومت فوری طور پر میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرے۔