وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نیب میں میرے 2 موکل ہیں، میں نے دم والی بات مذاق میں کی تھی۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ مراد علی شاہ کو کہا ہے کہ گرفتار لوگوں کو چھوڑ دیں۔ کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا، ہمیں ملک بچانا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستان: کورونا مریض9219، اموات 192
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں کورونا بڑھ رہا ہے، ہمیں عوام کو بچانا ہے۔ راولپنڈی میں کورونا کے 196 متاثرہ مریض ہیں۔ 6 مریض یورالوجی اور 6 ریلوے اسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ ضرورت ہوئی تو موبائل اسپتال کھڑا کردیں گے، راجا بازارمیں سنیما توڑ کر اسپتال میں شامل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو تمام پرائیویٹ اسپتالوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سب لوگوں کو عمران خان کے فنڈ میں دل کھول کرعطیہ دینا چاہیے۔ ریلوے کے مزدوروں نے 5 کروڑ سے زیادہ عطیہ کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے مزید کہا کہ شہبازشریف قومی حکومت کا خواب لے کر واپس آئے تھے۔ تمام سیاسی مخالفین کو موجودہ حالات میں صلح کرلینی چاہیے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 5 تاریخ سے ٹرین چلا رہے ہیں۔