مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کی ہیں، خیبر پختونخوا حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آرڈیننس جاری کردیا ہے۔
مشیراطلاعات اجمل وزیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی 32 اشیاء کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف آرڈیننس جاری کیا گیا ہے، ذخیرہ اندوزوں کو بغیر وارنٹ کے گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ذخیرہ اندوزوں کو تین سال قید کی سزا دی جائے گی اور ضبط شدہ مال کا 50فیصد جرمانہ بھی عائد ہوگا جبکہ ذخیرہ اندوزوں کی اطلاع دینے والے کو ضبط شدہ مال کا 10فیصد انعام دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا کا خطرہ کم نہیں ہوا بڑھ رہا ہے، پشاور میں کورونا کے زیادہ کیسز آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی میں کورونا کی علامات ہیں تو وہ متعلقہ نمبرز سے رابطہ کریں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ افغانستان سے آج 520 افراد خیبر آئے ہیں، جنہیں قرنطینہ منتقل کردیا گیا ہے۔