پشاور (نیوز ڈیسک) جامعہ چترال نے دور جدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی پہلی اوپن ایجوکیشنل ریسورسز(اوای آر) ویب سائٹ لانچ کردی ہےجس کی مدد سے جامعہ چترال کے طلبہ اور دنیابھرسے لوگ مستفید ہوسکیں گے، ویب سائٹ سے دنیا کی سینکڑوں یونیورسٹیوں، تعلیمی ادارو ں اور ویب سائٹس کی جانب سے مفت فراہم کی جانے والی کورسوں، آڈیو ویڈیو لیکچرز، کتب، تحقیقی رسائل و جرائد اور بے شمار تعلمی مواد تک مفت رسائی گھر بیٹھے حاصل کی جاسکے گی۔اس کے علاوہ دنیابھرسے مختلف سطح کے اسکالرز کیلئے پیش کی جانے والی ا سکالرشپس تک بروقت رسائی بھی اس ویب سائٹ سے ممکن ہوسکے گی۔جامعہ چترال شروع ہی سے اپنے طلبہ کو لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس)کی سہولت مہیاکرچکی ہےاب اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے موجودہ ویب سائٹ لانچ کی ہے جس سے وہ تمام لوگ مستفید ہوسکیں گے جوکسی بھی یونیورسٹی میں کسی بھی سطح پر تعلیم حاصل کررہے ہیں، یاوہ خواتین و حضرات جو کسی مخصوص شعبے میں اپنی استعداد بڑھانے کیلئے کوئی کورس سرٹیفکیٹ یاگھربیٹھے ڈپلومہ ‘ڈگری لینے کے خواہاں ہیں، ویب سائٹ سے پاکستان کی نیشنل ڈیجیٹل لائبریری، ایچ ای سی کی ای لائبریری سمیت دنیاکی تمام نمائندہ لائبریریوں اور ڈیٹابیسز تک مفت رسائی حاصل کی جاسکتی ہے خصوصاً وہ طلبہ اور سکالرجو تحقیق کررہے ہیں ان کیلئے یہ بہترین جائے کارثابت ہوگی۔