• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، جیلوں میں کورونا مریض صحتیاب ہونے لگے


پنجاب کی جیلوں میں کورونا کے مریضوں میں ریکارڈ کمی آنا شروع ہوگئی، 6 جیلوں میں اب صرف 34 قیدی اور 7 ملازمین کورونا کے مریض رہ گئے، جبکہ 38 قیدی کورونا سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری ذیشان صابر رضا نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ایک ہزار 516 قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری ذیشان صابر رضا کے مطابق ٹیسٹ کیے گئے ایک ہزار 269 قیدیوں کے ٹیسٹ نیگٹیو آئے ہیں، 207 کے نتائج کا انتظار ہےجبکہ 38 قیدی کورونا سے صحت مند ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت جیلوں میں کورونا کے 34 قیدی اور 7 ملازم ہیں جن میں سے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں 16 ، ڈی جی خان 6، جہلم 5.گوجرانوالہ 4، بھکر 2 اور بہاولپور جیل میں ایک قیدی کورونا کا مریض ہے. جبکہ چار جیلوں کے 7 ملازمین کورونا کا شکار ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔

متعلقہ حکام نے پنجاب کی جیلوں میں کورونا مریض کم ہونے پر جیلوں میں خوشی کا اظہار کیا ہے اور جیلوں میں کورونا کے حوالے سے مزید سخت حفاظتی تدابیر اپنانے کا حکم دیا ہے۔

تازہ ترین