آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آزمائش کی اس گھڑی، خصوصاً رمضان میں، پاک فوج کو دیگر قومی اداروں سے مل کر قوم کو ہر ممکن سہولت پہنچانے کے لیے تمام اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا, جہاں انہیں کورونا وائرس سے پیدا صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
کمانڈ سینٹر کے ڈی جی آپریشنز میجر جنرل آصف محمود گورایا نے آرمی چیف کو کمانڈ سینٹر کے فیصلوں، پاکستان میں عالمی وبا کے ممکنہ پھیلاؤ اور فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کی مدد اور تعاون پر بریفنگ دی، آرمی چیف کو ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔
آرمی چیف نے پاک فوج کو کورونا وائرس کے معاشی، سماجی اور نفسیاتی اثرات پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔
آرمی چیف نے محدود وسائل اور وقت کے باجود نیشنل کمانڈ سینٹر کی طرف سے کووڈ 19 کے خلاف حکمت عملی کی تیاری اور نفاذ کی غیر معمولی کوششوں کو سراہا۔