اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، شرح اموات میں اضافہ بھی خارج از امکان نہیں، پاکستان ایک غریب ملک ہے، ہم مستقل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، ہمیں تمام عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب یا تبدیل کرتے رہنا ہوگا۔ بدھ کو ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالہ سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ جیسے جیسے ہماری ٹیسٹنگ کی استعداد کار بڑھے گی ویسے ویسے ہمارے ہاں کورونا وائرس سے متاثرین کی اصل تعداد سامنے آتی چلی جائے گی۔