• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخیر پاکستانیوں کی ہم وطن کورونا متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں عروج پر

جاپان میں مقیم مخیر پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کا سلسلہ جاری ہے،اس حوالے سے گزشتہ دنوں معروف پاکستانی کاروباری شخصیت اور سینئر پاکستانی اسد نواز خان نے تین سے چار کروڑ پاکستانی روپے کی مالیت کا اہم طبی سامان جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد کے حوالے کیا ، سامان میں سترہ وینٹی لیٹرز بھی شامل ہیں ،جن کی پاکستان میں اشد ضرورت ہے ۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے اسد نواز خان نے کہا کہ اللہ کی بے شمار نعمتوں کا شکر ادا کرتا ہوں ،میرے رب نے مجھے بہت نوازا ہے،مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کے کام آنے کا موقع ملا ہے،میرے والدین کی بھی یہ خواہش تھی کہ پاکستانی قوم کو درپیش اس مشکل وقت میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کروں، سفیر پاکستان امتیاز احمد اور کمرشل قونصلر طاہر چیمہ کا بھی شکر گزار ہوں، جن کے تعاون سے یہ طبی سامان پاکستان بھجوانا ممکن ہوا ۔

اس موقعے پر جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا ایک ان دیکھے دشمن کا مقابلہ کررہی ہے، خاص طور پر پاکستان میں حکومت کورونا سے نمٹنے میں دن رات مصروف ہے جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا کردار قابل فخر ہے جو خود اس مصیبت کا سامنا کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے بھائیوں کو نہیں بھولے اور ان کی مدد کے لیے آگے آرہے ہیں، خاص طور پر وہ اسد نواز خان جیسے پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،جو بڑھ چڑھ کر پاکستانیوں کی مدد کے لیے آگے آئے۔ اسد نواز خان کی جانب سے جو میڈیکل کا سامان جس میں وینٹی لیٹرز ، الٹرا ساونڈ ، ای سی جی مشینز سمیت کافی سامان شامل ہے ،اس وقت اس سامان کی پاکستان کو بہت ضرورت ہے۔ 

ان کی جانب سے کئی کروڑ روپے کا سامان پاکستان روانہ کیا جارہا ہے ۔ ایسے پاکستانی مبارکباد کے لائق ہیں اور ہم حکومت پاکستان کی جانب سے ایسے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔اس موقعےپر سفارتخانہ پاکستان میں تعینات کمرشل قونصلر طاہر چیمہ نے کہا کہ اسد نواز خان ایک درد مند پاکستانی ہیں، جو اس مشکل وقت میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے دل کھول کر امداد کررہے ہیں اور ہم نے کوشش کی ہے کہ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے جلد از جلد یہ سامان پاکستان روانہ کریں تاکہ یہ ہماری قوم کے کام آسکے ۔اس موقعے پر سینئر پاکستانی سکندر پسیہ نے کہا کہ اسد نواز خان نے جس طرح پاکستانیوں کے لیے امداد فراہم کی ہے توقع ہے کہ نہ صرف جاپان بلکہ دنیا بھر میں لوگ آگے آئیں گے اور دل کھول کر پاکستان میں اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اس وقت سیاست رنگ و نسل سے بالا تر ہوکر مصیبت میں پھنسے پاکستانیوں کی دل کھول کر مدد کریں چاہے وہ پاکستان میں ہوں یا بیرون ملک میں ہوں۔ ملک یونس نے کہا وہ پاکستان میں سیکڑوں کی تعداد میں غریب اور ضرورت مند سفید پوش پاکستانیوں کی مدد کررہے ہیں جبکہ اس وقت جاپان میں بھی بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں ،لہٰذا مخیر پاکستانی جاپان میں بھی بے روزگار پاکستانیوں کو سہارا بنیں، جہاں تک سیاست کا تعلق ہے تو یہ پہلی حکومت ہے جو چوری اور کرپشن کی داستانیں فخر سے سنارہی ہے ۔ چینی اور آٹا چور مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں ۔ حکومتی رہنماؤں کے 100 ارب کے ڈاکے پر چیئرمین نیب کی خاموشی سوالات پیداکررہی ہے ۔ قوم کا پیسہ اتنی جلد ہضم نہیں کرنے دینگے ۔ آٹا چور اور چینی چور عمران اور بزدار کے آج بھی دائیں بائیں بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزررہا ہے اور حکومتی لوگ مال بنانے میں مصروف ہیں ۔ 

کرپشن ،کرپشن اور چور ڈاکو کا نعرہ عمران خان کے گلے کا تعویذ بن چکا ہے ۔ کرپشن ختم کرنے کے دعویداروں نے کرپشن کر کے قوم کے ارمان توڑ دئیے ہیں ۔ حکومت کے پاس کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے کوئی پلا ن موجود نہیں ہے ۔ کرپشن زدہ عناصر قوم کو لوٹ رہے ہیں ۔ آج بھی کرپٹ مافیا حکومت میں موجود ہے اور حکومت ان کی سرپرستی کر رہی ہے ۔ 

کرونا وائرس سے نمٹنے کی بجائے زبانی جمع خرچ انتہائی افسوسناک ہے ۔ غرباء و مساکین کا مذاق انتہائی افسوسناک ہے ۔ ملک کی تقدیر بدلنے والوں نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھنے کی بجائے پرانے پاکستان کا بھی حلیہ بگاڑ دیاہے ۔ انہوں نے کرونا وائرس کے پیش نظر پوری قوم کو استغفار کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ پوری قوم احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے۔

تازہ ترین