وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں کورونا کے 341 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس کی صورتحال پر صوبائی کابینہ کو بریفنگ دی، سندھ کابینہ میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
کابینہ نے کورونا کی وبا کے پھیلنے کے افسوس میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور کورونا کے مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ آج صوبے بھر میں 2733 ٹیسٹ کیے گئے، ٹیسٹوں کی کل تعداد 43949 ہوگئی ہے۔ صوبے میں آج مزید 4 کورونا کے مریض انتقال کرگئے، مرنے والوں کی مجموعی تعداد 85 ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے3946 مریض زیر علاج ہیں، 24 کی حالت خراب ہے، کورونا کے16 مریضوں کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے 2705 مریض گھروں میں زیرعلاج ہیں، 825 کورونا کے آئیسولیشن مراکز میں زیرعلاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع شرقی میں 90،ضلع جنوبی میں 50 ، کورنگی میں40، ملیر میں 30، ضلع وسطی میں 20 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
صوبے میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ حیدرآباد اور لاڑکانہ میں کورونا کے 12،12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ خیرپور میں 23، گھوٹکی میں 8، سکھر میں 4 اور مٹیاری میں 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر میں 1200 سے بڑھا کر 1500 بسترے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پی اے ایف میوزیم سائٹ پر 600 اور گڈاپ اسپتال میں 150بستروں کااضافہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دمبا گوٹھ اسپتال میں 120 بستروں کا مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا، 100 بستروں کا فیلڈ آئیسولیشن سینٹر ہر ضلع میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔