صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے سینیٹر رحمان ملک سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے بھارت کی طرف سے نئے ڈومیسائل قانون تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی۔
سینیٹر رحمان ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے ڈومیسائل قانون کے تحت مودی آر ایس ایس کے دہشتگردوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کرنا چاہتا ہے، مودی متنازعہ قوانین کے ذریعے کشمیرمیں مسلمانوں کی آبادی کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔
رحمان ملک کا مزید کہنا تھا کہ مودی نے کورونا وائرس کے پردے میں بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں پر مظالم بڑھا دیے ہیں۔
صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ کورونا کی آڑ میں مودی نے نیا ڈومیسائل قانون لاکر کشمیریوں پر شب خون مارا ہے، بھارت مظلوم کشمیریوں کو قتل اور مسلسل ظلم وبربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔