• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این ایف سی ایوارڈ پر مستقل کمیشن بنایا جائے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ پر مستقل کمیشن بنایا جائے،ایوارڈ کا اب تک فیصلہ نہ ہونا آئین کی خلاف ورزی ہے۔وفاق صوبوں کے ساتھ بیٹھنے اور معاملات طے کرنے میں سنجیدگی نہیں دکھا رہا۔حکومت اصل مسائل کی بجائے غیر اہم اور جزوی مسائل میں الجھ رہی ہے،عوام کو احتیاط کے ساتھ ساتھ خوراک کی بھی ضرورت ہے۔18ویں ترمیم پر حکومتی بیان بازی بے وقت کی راگنی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ سے جاری ایک بیان میں کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس وقت پوری قوم مشکلات میں گھری ہوئی ہے حکومت کی جانب سے بے روزگاروں کو 12 ہزار اورچھوٹے کاروبار والوں کے تین ماہ کے بجلی کے بل ادا کرنے کے اعلان پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔حکومت اب تک ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل سٹاف کو طبی سامان اور دیہاڑی داروں کو کھانے کا راشن اور مالی امداد فراہم نہیں کرسکی۔ماہ رمضان میں ملک بھر میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے میگااسکینڈلز سمیت آٹے چینی بحران پر کمیشن کی جانب سے فرانزک رپورٹ میں تاخیر سے عوام میں یہ تاثر ابھر رہاہے کہ دال میں کچھ کالانہیں بلکہ پوری کی پوری دال ہی کالی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی 60 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے،نصف سے زیادہ آبادی کو ریلیف دینے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
تازہ ترین