مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب کی ذہنی حالت ملک میں خدانخواستہ کسی بڑے حادثے کی پیش گوئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب حکمران تو آپ ہیں، تو یہ حکمران اشرافیہ کون ہیں جنہوں نے لاک ڈاؤن کیا؟
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کا اپنے ہی فیصلوں کے خلاف ٹی وی پر اعلانِ مذمت پریشان کن ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کو دماغی کنفیوژن دور کرنے کے لیے فی الفور ڈاکٹرز سے رابطہ کرنا چاہیے، ان کی ذہنی حالت کیا ہے، اس کا قوم کی حالت دیکھ کر پتہ لگایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کا ذہنی خلفشار ملک و قوم کے لیے خطرناک پیغام ہے، عمران صاحب کی کنفیوژن نے پورے ملک کو کنفیوز کر رکھا ہے اور عمران صاحب کے دماغی خلل کا ناقابلِ تلافی نقصان ملک اور قوم کو ہو رہا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ عمران صاحب کی کنفیوژن ملک کے لیے نقصان دہ، افراتفری اور انتشار کا باعث بن سکتا ہے۔
ترجمان نون لیگ نے وزیرِ اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب واضح کریں کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ انہوں نے نہیں کیا تو پھر کس نے کیا؟ عمران صاحب واضح کریں کہ وہ نہیں تو پھر فیصلے کون کر رہا ہے؟