سکھر (بیورو رپورٹ) پولیس کا روپوش و اشتہاری ملزمان اور سماجی برائیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن، مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے روپوش، اشتہاری، منشیات فروش سمیت 15ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر اور سماجی برائیوں کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں میں پولیس کو بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ روہڑی تھانہ کی حدود میں نیو یارڈ کے علاقے میں کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش پکڑا گیا، جس کے قبضے سے 7ہزار500 پیکٹس مضر صحت گٹکے کے برآمد ہوئے ہیں۔ سانگی تھانہ کی حدود میں پولیس نے ناکا بندی کے دوران 2روپوش ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں دلشیر اور علی محمد شامل ہیں۔ تھانہ سی سیکشن کی پولیس نے مخٹلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے روپوش و اشتہاری سمیت 10ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن میں ریاض، فرید، فہیم، مشتاق، ساحل، عامر ودیگر شامل ہیں۔ تھانہ پٹنی کی پولیس نے بھی 2اشتہاری ملزمان شفیع اور داؤد کو گرفتار کیا ہے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس، گٹکا، مین پوری، جوا کی مختلف اقسام میں استعمال ہونیوالا ساز و سامان برآمد ہوا ہے۔ ایس ایس پی عرفان علی سموں نے بتایا کہ ضلع بھر میں امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ وہ وہ اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی سوفیصد گرفتاری کو یقینی بنائیں۔