• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ڈی سی یومیہ 35 ہزار گھرانوں تک راشن پہنچا رہی ہے

کورونا وائرس پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چُکا ہے۔چوں کہ ابھی تک کوئی باقاعدہ علاج دریافت نہیں ہوسکا، اِس لیے دنیا بھر کے طبّی ماہرین نے متفّقہ طور پر سماجی دُوری ہی کو اِس سے بچاؤکا نسخہ قرار دیا ہے۔ اسی لیے دنیا بھر کی حکومتوں نے شہریوں کی حفاظت کے لیے لاک ڈاؤن جیسا مشکل فیصلہ کیا۔مشکل اِن معنوں میں کہ اِس کے سبب معاشی سرگرمیاں بھی ختم ہوکر رہ گئی ہیں، جس کے غریب طبقے پر انتہائی سنگین اثرات مرتّب ہو رہے ہیں۔ پاکستان بھی اِس وبا کی لپیٹ میں ہے اور حکومت نے یہاں بھی لاک ڈاون کر رکھا ہے، جس کی عوامی حلقوں نے حمایت کی ہے، تاہم اِس معاملے کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے وعدوں، اعلانات کے باوجود کم آمدنی والوں تک راشن نہیں پہنچایا جاسکا، جس سے دیہاڑی دار طبقے کے لیے گھر کا چولھا جلانا مشکل ہوگیا۔

البتہ اچھی بات یہ رہی کہ شہری ضرورت مندوں تک راشن پہنچانے کی اپنی سی کوششیں کر رہے ہیں۔ایسی ہی سماجی تنظیموں میں سے ایک’’ جعفریہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل‘‘( جے ڈی سی)ہے، جو بلاتفریق نسل و مذہب شہریوں کے گھروں تک راشن پہنچا رہی ہے۔راشن کی تقسیم کے ساتھ نمائش چورنگی پر قائم دستر خوان حضرت امام حسنؓ پر بھی روزانہ درجنوں ضرورت مند اپنے پیٹ کی آگ بُجھا رہے ہیں۔

جے ڈی سی کی بنیاد سیّد ظفر عبّاس جعفری نے2010 ء میں رکھی اور وہی اس کے سکیرٹری جنرل ہیں۔ اِس سے قبل وہ پندرہ سال تک’’خیرالعمل ٹرسٹ کمیٹی ‘‘کے ساتھ مل کر سماجی کام کرتے رہے۔ جے ڈی سی نے اپنے قیام کے ساتھ ہی فلاحی خدمات کا آغاز کیا۔دہشت گردی کے واقعات میں متاثر ہونے والوں کو ریسکیو کیا گیا، اس کے علاوہ بھی کئی بڑے سانحات، جیسے سانحہ عبّاس ٹاؤن، کراچی، جوزف کالونی، لاہور اور پشاور چرچ حملے وغیرہ میں خدمات انجام دیں۔بعدازاں، ایمبولینسز کے ساتھ میّت بسز کا بھی سلسلہ شروع کیا گیا۔ 

کراچی میں فِری آئی ڈی سینٹرز کھولے، تو تَھر میں بڑے پیمانے پر اجتماعی شادیاں کروائیں۔ 2014ء میں وہاں قحط پڑا، تو زیرِ زمین پانچ سو فِٹ کی گہرائی سے پانی نکالنے کے لیے کراچی سے اپنے اونٹ وہاں لے گئے اور میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے۔ 2016ء میں ’’دی گرینڈ ایکسپو دیوارِ مہربانی‘‘ کا انعقاد کیا، جس میں غریبوں کو کروڑوں روپے کا راشن دیا گیا۔ اِسی طرح ہر سال بارہ ربیع الاوّل کو’’ بین المذاہب میلادِ مصطفیٰ ؐ کانفرنس‘‘ کا انعقاد ہوتا ہے، جس میں تمام مسالک کے جیّد علمائے کرام شرکت کرتے ہیں اور اُس کے ذریعے دنیا کو اتحاد کا پیغام دیا جاتا ہے۔

اِسی طرح عیدِ قرباں پر سیکڑوں اونٹ ذبح کیے جاتے ہیں۔اس موقعے پر تمام مسالک کے علماء بھی موجود ہوتے ہیں اور ہر مسلک کے عالم سے بیس، بیس اُونٹ نحر کروائے جاتے ہیں تاکہ آپس میں محبّتیں بڑھیں۔اِن دنوں جو راشن تقسیم ہو رہا ہے، اِس حوالے سے بھی تنظیم نے اعلان کر رکھا ہے کہ کسی بھی مسجد، مندر، گوردوارے یا چرچ کا لیٹر ہیڈ لائیں، اس پر بھروسا کر کے راشن دے دیا جائے گا، البتہ ایک ویڈیو ضرور سوشل میڈیا پر شئیر کی جائے گی کہ اس گلی یا محلّے کے فلاں افراد غریبوں میں تقسیم کے لیے راشن لے گئے ہیں۔

فی الوقت تنظیم کے اسٹورز لیاری، کیماڑی، انچولی اور سینٹ پیٹرک چرچ کے قریب کام کر رہے ہیں، جہاں سے مختلف مقامات پر راشن پہنچایا جا رہا ہے۔ان مراکز میں پہلے ایک شفٹ میں ساڑھے سات سو افراد کام کرتے تھے اور تین شفٹس میں کام ہوتا تھا۔

تاہم، جب سے سوشل ڈسٹینسنگ لازم ہوئی، تو ایک مسالے بنانے والی معروف کمپنی نے پیکنگ کے لیے مشینز دے دی ہیں، جن کے بعد ملازمین کی تعداد کم کر دی گئی ہے۔ اِن دنوں تین شفٹس میں ڈھائی، ڈھائی سو افراد کام کررہے ہیں۔ روزانہ35 ہزار گھرانوں تک راشن پہنچانا کسی چیلنج سے کم نہیں، مگر جے ڈی سی کے رضا کار نہایت خوش اسلوبی سے یہ فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ 

ایک فوڈ چین کے رائڈرز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جب کہ ایک معروف رینٹ اے کار کمپنی کی طرف سے 40گاڑیاں دی گئی ہیں،نیز، تنظیم کی اپنی گاڑیاں بھی اِس کام کے لیے استعمال کی جا رہی ہیں۔ ہر برس رمضان میں چالیس ہزار افراد کو مزارِ قائد کے سامنے سحری کروائی جاتی ہے، لیکن اِس بار حکومتی ہدایات کے پیشِ نظر سحری کے پروگرام نہیں ہو رہے۔البتہ ایکسپو سنٹر میں قائم قرنطینہ مرکز میں تنظیم کی جانب سے کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔

عام حالات میں بھی جے ڈی سی کی سماجی خدمات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ فری آئی ڈی سنیٹرز کام کرتے ہیں اور ضروت مندوں میں راشن بَٹتا رہتا ہے۔ ایمبولنس سروس، میّت بسز، یتیم خانے اور اولڈ ہومز سمیت89 پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے۔ شہر کے مختلف حصّوں میں قائم 14 اولڈ ہومز کی خاص بات یہ ہے کہ وہاں مقیم بزرگوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔کوئی اُن سے زور زبردستی نہیں کرتا، وہ اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ملازمین کو کہہ دیا گیا ہے کہ اُن کی اپنے والدین کی طرح خدمت کرنی ہے۔

ایک اچھی بات یہ بھی ہے کہ ان بے سہارا افراد کی مظلومیت کیش کروانے کے لیے اُنھیں میڈیا پر نہیں لایا جاتا۔یہ بات خاص طور پر نوٹ گئی ہے کہ تمام تر منفی پراپیگنڈے کے باوجود عام افراد جے ڈی سی سے بہت تعاون کر رہے ہیں۔ ایک روپے سے لے کر ایک ہزار روپے تک کی رسیدیں کٹ رہی ہیں ۔بڑی بڑی کمپنیز بھی آگے آرہی ہیں۔ 

غیر مسلم بھی مختلف سماجی پراجیکٹس میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پچھلے سال سحری میں بشپ نے پیسے دیئے اور پادریوں نے بھی مدد کی۔ گو کہ وفاق نے رینجرز اور صوبے نے پولیس کی سیکوریٹی دی رکھی ہے، مگر ابھی تک گورنر، وزیرِ اعلیٰ یا کسی وزیر مشیر نے حوصلہ افزائی کے لیے راشن سینٹرز کا وزٹ نہیں کیا۔

ظفر عبّاس کے بارے میں یہ پروپیگنڈا بھی کیا جاتا ہے کہ وہ یہ سب کچھ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کر رہے ہیں اور بہت جلد سیاسی میدان میں کودنے والے ہیں، جب کہ وہ بار بار اِس تاثر کو رَد کرتے ہوئے اسے اپنے خلاف چلائی جانے والی منظّم مہم کا حصّہ قرار دیتے ہیں۔وہ مسلسل یہی کہتے چلے آ رہے ہیں کہ’’ ہماری کوشش ہے کہ مذہبی اور لسانی انتہا پسندی ختم ہو۔ 

ہمارے کوئی سیاسی مقاصد نہیں، ہمارا کام صرف اور صرف انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔‘‘ایک موقعے پر وہ اِس بات کا بھی اظہار کر چُکے ہیں کہ’’ اُنھیں بعض قوّتوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اِس ضمن میں حسّاس ادارے بھی اُنھیں محتاط رہنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔‘‘ بہرحال، وہ تمام تر دھمکیوں اور حکومتی عدم تعاون کے باوجود انسانیت کی خدمت کے مشن پر پوری قوّت سے گام زن ہیں، جو مخالفین کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔

تازہ ترین