• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری سے آزادی صحافت کا امیج دھندلا ہوگیا، شہباز شریف

میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری سے آزادی صحافت کا امیج دھندلا ہوگیا، شہباز شریف 


لاہور( نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری سے آزادی صحافت کا پوراامیج دھندلاہوگیا ،میڈیا کا آئینہ توڑنے کی حماقت کرنے والے حکمران ہمیشہ پچھتائے ہیں،پاکستان میں آزادی اظہار رائے کے حق کے لئے اہل صحافت نے جدوجہد کی شاندار تاریخ رقم کی ہیں۔عالمی یوم صحافت پر میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہباز شریف نےکہا کہ آزاد صحافت کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے ،آزادی اظہار رائے بنیادی آئینی حق ہے، اس حق کو سلب کرنا آئین سے غداری کے مترادف ہے ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن ضمیر کے قیدی بن کر آزادی اظہار رائے کی خاطر آج جیل میں ہیں،تحریک پاکستان میں بھی صحافیوں نے تاریخی کردار ادا کیا، میڈیا اور صحافیوں کا قیام پاکستان میں پورا حصہ ہے ،مولانا ظفر علی خان، حمید نظامی، سید صلاح الدین، مجید نظامی، میر خلیل الرحمٰن، آغا شورش کاشمیری، پروفیسر وارث میر سے لے کر آج میر شکیل الرحمٰن تک سچائی و اصول کے ساتھ اور آمرانہ سوچ کے خلاف کھڑے ہونے والے تمام بزرگوں اور شخصیات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری اور مسلسل قید کی شدید مذمت کرتے ہیں ،انکی بے بنیاد مقدمے میں گرفتاری پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہے ،آزادی صحافت کے دن میر شکیل الرحمٰن کی رہائی اور میڈیا کی آزادی کا مطالبہ دہراتے ہیں،ان تمام میڈیا ورکرز ، کیمرہ مین ، رپورٹرز ، اینکرز، لکھاریوں اور عامل صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو حق و سچ کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کے آئینی حق کا ہمیشہ ساتھ دیتی رہے گی،ریاست کا چوتھا ستون جب سینسر شپ کی ہتھکڑیوں میں ہوگا تو معاشرے میں کبھی شفافیت نہیں ہوسکتی اور جمہوریت کو کبھی تقویت نہیں مل سکتی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا آئینہ ہے جس میں میں عکس دیکھ کر اصلاح کا موقع ملتا ہے ،ذرائع ابلاغ آپ کا وہ دوست ہے جو آپ کے منہ پر سچ بولتا اور آپ کی خامیوں، غلطیوں کی نشاندہی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے اظہار رائے کے چراغ کو روشن رکھنے کیلئے جانوں کی قربانی دی، کوڑے کھائے، جیلوں اور عقوبت خانوں کی نذر ہوئے۔

تازہ ترین