اسلام آباد(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بڑے مسائل لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہیں‘لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب طبقہ بہت متاثر ہوا، انتظامیہ اکیلے کچھ نہیں کر سکتی اس لیے رضاکار فورس بنائی۔
بعض شرائط کے ساتھ لاک ڈاؤن کو آہستہ آہستہ کھول رہے ہیں کیونکہ ہمیں اپنے عوام کو کورونا سے بھی بچانا ہے اور بیروزگاری اور بھوک کے ہاتھوں مرنے سے بھی بچانا ہے‘ کاروباری سرگرمیاں اور بارڈرکو بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھول رہے ہیں‘ہمیں توازن قائم کرنا ہے۔
اس مشکل وقت میں رضاکار ٹائیگر فورس کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے‘ یہ فورس ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے، عوام میں آگاہی اور شعور پیدا کرنے اور حکومتی پالیسیوں کے نفاذ میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرے گی‘یہ فورس آئندہ بھی کام آئیگی۔
پی ٹی آئی رہنماء ٹائیگرفورس کو اپنے حلقوں میں متحرک کریں ‘اگر ایس اوپیز پر عمل نہ کیاگیاتو کورونا تیزی سے پھیلے گا اور ہمیں دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑیگا۔
رضاکار فورس کے جوان جہاں بھی ذخیری اندوزی دیکھیں تو ضلعی انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں‘ٹائیگر فورس یوٹیلیٹی اسٹورز میں بھی مانیٹرنگ اور چیکنگ کرے گی‘کورونا وباء کنٹرول میں ہے اور جلد اس پر مکمل قابو پالیں گے۔
پیر کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا فیصلہ میں نے کیا کیونکہ ہمارے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے‘ ہمارا ملک جو پہلے ہی مشکل میں تھا اس میں یہ مسئلہ اور بھی زیادہ سنگین ہے۔
قوم کو مشکل وقت میں ایسے لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے جو انتظامیہ اور عوام کی مدد کرسکیں‘ٹائیگر فورس مشکل وقت میں جہاد کرے گی‘ لاک ڈاؤن آہستہ آہستہ کھولنا ہے۔
خدشہ ہے کہ کہیں اس سے لوگ اس انداز میں جمع ہونا نہ شروع ہوجائیں کہ کورونا پھر تیزی سے پھیلنے لگے اور اس کے نتیجے میں کہیں دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف نہ جانا پڑے۔
اسی لیے رضاکار فورس بنائی گئی تاکہ رضا کار اپنے اپنے علاقوں میں عوام میں اس حوالے سے آگاہی اور شعور پیدا کریں ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں ، مساجد ، مارکیٹوں ، بازاروں، فیکٹریوں اور کاروبار کی جگہوں پر فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرانے میں معاونت کریں۔
یونین کونسل میں رضاکاروں کا ڈیسک قائم کیا جائے گا جہاں بیروزگاروں کی رجسٹریشن کی جائے گی‘جانچ پڑتال کے بعد ان افراد کو نقد امداد فراہم کی جائے گی ۔
عمران خان نے کہاکہ رضاکار فورس کے جوان جہاں بھی ذخیری اندوزی دیکھیں تو ضلعی انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں۔ خود سے کاروائی نہیں کریں۔ ضلعی انتظامیہ ضروری کارروائی کرے گی۔
ٹائیگر فورس یوٹیلیٹی اسٹورز میں بھی مانیٹرنگ اور چیکنگ کرے گی تاکہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے اور ایسا نہ ہو کہ کہیں ماضی کی طرح کوئی اور فائدہ اٹھاتا رہے۔
دریں اثناء وزیرِ اعظم نے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں نہ صرف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کریں بلکہ عوام کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ترغیب دیں۔
زمینی حقائق خصوصاً ملکی معاشی حالات اور عام آدمی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی کی جائے گی تاہم ہر شعبے کے لئے حفاظتی اقدامات پر مبنی جامع ایس او پیز تیار کیے جا چکے ہیں جن پر عمل درآمد کرانے کے لئے عوامی نمائندگان متحرک کردار ادا کریں۔
وزیرِ اعظم نے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دس لاکھ رضاکاروں پرمشتمل کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو برؤے کار لانے کے لئے ٹی او آرز تیار کیے جا چکے ہیں۔
مزیدبرآں عمران خان نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور ان کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر ممالک کے مقابلے میں ملکی صورتحال قدرے بہتر ہے، کورونا کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات کوجاری رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیرصدارت کورونا کی روک تھام سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔