کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 5ملک شاپس کو جرمانہ اور اور سیوریج کے پانی سے کاشت فصلوں کو تلف کردیا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیم نے گزشتہ روز علمدار روڈ،طوغی روڈ اور سرکلر روڈ میں کارروائی کرتے ہوئے 5ملک شاپس پر جرمانہ عائد کردیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نگہت دین کی سربراہی میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے مذکورہ دکانوں میں فروخت کئے جانے والےناقص دودھ کی بڑی مقدار موقع پر تلف کردی۔مذکورہ ملک شاپس سے گزشتہ روز لئے گئے دودھ کے نمونوں میں ملاوٹ پائے جانے پر کارروائی کی گئی۔علاوہ ازیں فوڈ سیفٹی ٹیم نے مسجد روڈ میں قائم ہول سیل کی دکانوں،جنرل اسٹورز،نمکو شاپس،بیکرز و دیگر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے کے مراکز کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کی صورتحال و اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیا، معائنہ ٹیم کی جانب سے مراکز کی مجموعی وملازمین کی ذاتی صفائی بہتر بنانے اور مالکان کو حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق معیاری اشیاء خوردونوش کی پروڈکشن و عوام کو فروخت یقینی بنانے و صفائی کے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ اس ضمن میں انہیں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ ایس او پیز اور اصلاحی نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔ درایں اثناء فوڈ سیفٹی ٹیم نے نوحصار اور چشمہ اچوزئی کے علاقوں میں سیوریج کے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وسیع اراضی پر زیر کاشت و تیار متعدد فصلیں تلف کردیں۔ واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے گندے پانی سے کاشت کی گئی سبزیوں کو مختلف مراحل میں تلف کیا جا رہا ہے، بی ایف اے کی مسلسل جاری کارروائیوں کے دوران اس سے قبل سبزل روڈ،اسپنی روڈ اور سریاب سمیت مختلف علاقوں میں پیاز، دھنیا، گوبھی و سلاد کی فصلیں تلف کی گئیں جنہیں نالوں کے آلودہ پانی سے سیراب کیا گیا تھا ۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ابراہیم بلوچ کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، سیوریج کے پانی سے فصلوں کی تیاری کے تدارک اور کھیتوں کی سیرابی کے عمل کو روکنے کے لئے بی ایف اے کی کارروائیوں کو دیگر علاقوں تک وسعت دیکر مختلف مراحل میں جاری رکھا جائے گا۔