پاکستان فلم اور ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار شہریار منور نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں کو صبر کرنے کی تلقین کی ہے.
پاکستان کے نامور اداکار شہریار منور نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں اداکار آنکھیں بند کیے کچھ سوچ رہے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ اپنی تصویر کو شہریار منور نے ایک طویل کیپشن دیا جس میں اُنہوں نے لکھا کہ ’میرا اِس حقیقت پر پختہ یقین ہے کہ دُنیا میں ایسا کوئی کام نہیں ہے جو آپ نہیں کرسکتے، اگر آپ اُس کام کو کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو اُسے حاصل کرنے میں اپنی تمام توجہ مرکوز کردیتے ہیں۔‘
شہریار منور نے لکھا کہ ’بعض اوقات اپنی خواہش کے بارے میں زیادہ سوچنا بھی دردِ سر بن جاتا ہے اور پھر اِسی دوران یہاں ایک چیز جنم لیتی ہے جس کا نام صبر ہے۔‘
شہریار منور کا کہنا تھا کہ ’میری زندگی میں صبر ایک ایسی چیز رہی ہے جس کو اپنانے کے لئے میں ہمیشہ کوشاں رہا ہوں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’اپنی زندگی میں صبر کو مستقل طور پر اپنانے کے لئے میں نے اس پر کام شروع کردیا ہے کیونکہ صبر وہ چیز ہے جو انسان کو آہستہ آہستہ حاصل ہوتی ہے لیکن اس کے اثرات دائمی ہیں۔‘
انہوں نے اپنی پوسٹ میں صبر کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ’صبر کا دامن تھام کر ہی انسان اپنے بڑے بڑے مقاصد حاصل کرسکتا ہے۔‘
آخر میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کو روز مرّہ کی چھوٹی چھوٹی مثالوں سے صبر کرنے کی مشق کرنے کا مشورہ دیا۔