شہر قائد کراچی میں عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثرہ ایک اور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق کورونا سے جاں بحق ہونے والا پولیس اہلکار اے وی ایل سی میں تعینات تھا، اہلکار کا 25 اپریل کو کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آنے پر اہلکار کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق شہر میں 94 پولیس اہلکار کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ سندھ بھر میں متاثر ہونے والے اہلکاروں کی کُل تعداد 99 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ایس ایس پی سٹی آفس میں اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا، اس دوران اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) انور سمیت کچھ اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
ٹیسٹ نتائج مثبت آنے کے بعد اے ایس آئی انور سیلف آئسولیشن میں چلے گئے تھے تاہم گزشتہ روز ان کا انتقال ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق اے ایس آئی انور ایس ایس پی سٹی آفس میں وائرلیس آپریٹر تعینات تھے اور ڈاکس میں واقع پولیس ہیڈکوارٹر میں مقیم تھے۔