شہر قائد کراچی آج بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے جبکہ ہیٹ ویو کا آج یہ آخری دن ہے، کل سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں آج سمندری ہوائیں چل رہی ہیں مگر سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق حالیہ ہیٹ ویو مختصر دورانیے کی اور معتدل ہیٹ ویو ہے۔
شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، شہر کا اس وقت درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور کل درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ہے جبکہ جنوب مغرب سے ہوائیں 21 کلو میٹر فی گھنٹاکی رفتار سے چل رہی ہیں۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا مزید کہنا ہے کہ مئی اور جون میں ہیٹ ویو کے امکانات رہتے ہیں، مئی اور جون گرم اور مرطوب مہینے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 8 مئی تک شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔