• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کی نامور اداکارہ زیبا بختیار نے بھارتی لیجنڈری اداکار رشی کپور کی موت پر انہیں یاد کرتے ہوئے  فلم’حنا‘ کی کچھ تصاویر شیئر کی ہیں۔

گزشتہ ماہ بالی ووڈ کے دو لیجنڈری اداکار عرفان خان اور رشی کپور کی موت سے جہاں بھارتی فنکاروں کو د ھچکا لگا ہے وہیں پاکستانی فنکار بھی اُن کی موت کی خبر سُن کر افسردہ ہوگئے ہیں اور اُن کے لیے مختلف پیغامات جاری کر تے نظر آرہے ہیں۔


ایسے میں ماضی کی مشہور اداکارہ زیبا بختیار نے بھی رشی کپور کو یاد کرتے ہوئے اُن کے ساتھ کی گئی فلم ’حنا‘ سے جڑی چند خوبصورت یادگار تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کیں اور اُن تصاویر کے ساتھ رشی جی کے لیے ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا ہے۔

انسٹاگرام پر جاری کردہ اپنے پیغام میں زیبا بختیار نے لکھا کہ ’میں اپنے پیارے دوست رشی کپور کی موت کی خبر سُننے کے بعد سے صدمے میں ہوں۔‘

زیبا بختیاز نے لکھا کہ ’پتا ہی نہیں چلتا اور وقت اتنی جلدی گُز جاتا ہے، ایسا لگتا ہے کہ فلم ’حنا‘ کی شوٹنگ ابھی کل کی ہی بات ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’رشی میں تمہیں ہمیشہ یاد کروں گی، میرے لیے تمہاری موت کا نقصان برداشت کرنا واقعی بہت مشکل ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’تُم ہمارے لیے ایک سُپر اسٹار تھے، میرے چندر پرکاش تُم ہمیشہ ہمارے دِلوں میں زندہ رہوں گے۔‘

زیبا بختیار نے فلم ’حنا‘ کی شوٹنگ کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’تُم نے فلم ’حنا‘ کی شوٹنگ کے دوران مجھے جو چیزیں سیکھائی تھیں اُس کے لیے تمہارا بہت شکریہ۔‘

آخر میں اداکارہ نے لکھا کہ ’میں اب مزید اور نہیں لکھ سکتی، صرف تمہاری حنا۔‘

یاد رہے کہ زیبا بختیاراور رشی کپور نے بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ’حنا‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، یہ فلم 1991 میں ریلیز ہوئی تھی اور فلم’حنا‘ زیبا بختیاز کی پہلی بھارتی فلم تھی۔

واضح رہے کہ 67 سالہ بھارتی اداکار رشی کپور کو دو سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کے لیے وہ نیو یارک گئے تھے، ایک سال وہاں زیر علاج رہنے کے بعد وہ  گزشتہ سال ستمبر میں واپس ممبئی آئے تھے۔

رشی کپور گزشتہ ماہ ممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔

تازہ ترین