• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1000 روپے کا نیا نوٹ، سوشل میڈیا پر زیر گردش دعوؤں کی حقیقت کیا ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے 1000 روپے کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ جارہی کیے ہیں۔

گزشتہ ماہ 22 جون کو، سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک صارف نے 1000 روپے کے نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ کی تصویر شیئر کی۔

فیس بک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 1000 روپے کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے ہیں، جو جدید ڈیزائن اور جدید ترین سیکیورٹی اور پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہیں۔


اسی طرح کے دعوے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر بھی شیئر کیے گئے۔

حقیقت

پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے 1000 روپے کا نیا کرنسی نوٹ جاری نہیں کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے چیف ترجمان نور احمد نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ زیرِ گردش آن لائن دعوے جھوٹے ہیں۔

علاوہ ازیں اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کراچی میں ایک نجی بینک کے ترجمان نے تصدیق کی کہ مرکزی بینک کی جانب سے نئے ڈیزائن کیے گئے نوٹ کے اجراء کے حوالے سے فی الحال کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا۔

جیو فیکٹ چیک نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی آفیشل ویب سائٹ کا بھی جائزہ لیا اور اسے کسی نئے کرنسی ڈیزائن سے متعلق کوئی اعلان یا اطلاعات نہیں ملی۔

فیصلہ: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 1000 روپے کا نیا ڈیزائن کردہ کرنسی نوٹ جاری نہیں کیا۔

خاص رپورٹ سے مزید