کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ رولینٹ اولٹمینزنے کہا ہے کہ بعض سینئرز نے جونیئرز کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے سے روکا۔وہ سینئرز کی ہدایت تک محدود رہتے تھے۔ سابق کپتان سلمان اکبر سے انسٹاگرام پر لائیو سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے ہالینڈ سے تعلق ر کھنے والے رولینٹ اولٹمینزنے کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی اولمپک گولڈ میڈل اور ورلڈ کپ جیتنا چاہتا ہے۔ 2004 اور پھر 2018 میں کوچ رہنے والے اولٹمینز کے مطابق پاکستان ہاکی انتظامیہ اگر آج سے پلاننگ کرے تو 2032اولمپکس میں کسی پوزیشن میں ہوسکتے ہیں۔ پاکستان، بھارت سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے کہ وہاں ہاکی کی بہتری کے لیے کس طرح سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے اپنے ادوار میں سلیکشن کمیٹی میں شامل سابق اولمپئنز سے معاملات کو بھی ایک چیلنج قرار دیا۔