• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اب حکومتی چہرے بھی نیب میں نظر آئینگے، شاہد خاقان عباسی

اب حکومتی چہرے بھی نیب میں نظر آئینگے، شاہد خاقان عباسی 


اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے لیکن حکومت اس وقت غربت سے لڑنے کی بجائے صوبوں سے لڑرہی ہے،عمران خان کی پالیسیوں نے ملک کو تقسیم کر دیا ہے، نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں، حکومت قوانین میں ترمیم کیلئے بہانے کرتی رہی ہے، اب حکومتی چہرے بھی نیب میں نظر آئینگے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں کوئی اختلاف نہیں ہاں اختلافِ رائے ضرور ہوتا ہے،وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔ بیرون ملک جانا شہباز شریف کا حق ہے اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ہی ہیں قومی احتساب بیورو ( نیب ) سے سب سے زیادہ تنگ آج خود حکومت ہے مسلم لیگ ن پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ نیب کے قوانین میں ترامیم کر لیں۔انہو ں نے کہا کہ حکومت قوانین میں ترمیم کے لئے بہانے کرتی رہی ہے ہم اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھتے ہیں یہاں کیس نہیں فیس دیکھے جاتے ہیں، اب حکومتی چہرے بھی جلد یہاں نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی کیس کو دو سال گزر گئے لیکن نیب کیس نہیں بنا سکا، ہمیں اب تک یہ بھی نہیں معلوم کہ ہمارے خلاف کیس کیا ہے نیب نے ملک کو تباہ کر دیا ہے، ملک کو اس وقت سب سے بڑا چیلنج کورونا وائرس درپیش ہے اور اس صورت حال میں حکومت کو غربت سے لڑنا چاہیے لیکن یہاں وفاق صوبوں سے لڑنے میں مصروف ہے وزیراعظم عمران خان نے ملک کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے۔

تازہ ترین