چکوال میں آئل فیلڈ کے 4 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، آئل فیلڈ کے 100 سے زائد ملازمین کو آئل فیلڈ کے اندر ہی قرنطینہ کردیا گیا جبکہ مریضوں کی بروقت اطلاع نہ دینے پر آئل فیلڈ کے آپریشن منیجرکو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر چکوال ریٹائرڈ کیپٹن عبدالستار ایسانی کے مطابق آئل فیلڈ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو علاج کے لئے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ صحت نے آئل فیلڈ کے مزید 12 ملازمین کے نمونے ٹیسٹ کیلئے اسلام آباد بھیج دیئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کورونا مریضوں کی تعداد اور بروقت اطلاع نہ دینے پر آئل فیلڈ کے آپریشن منیجر محمد طارق کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔
مقدمہ اسسٹنٹ کمشنر چکوال مظفر مختار کی مدعیت میں ’’کورونا ایمرجنسی کنٹرول ایکٹ‘‘ کے تحت درج کیا گیا ہے جس کے بعد آئل فیلڈ کے آپریشن منیجر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔