جنگ جیو کے ایڈیٹر ان چیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف ملک کے مخِتلف شہروں میں احتجاج جاری ہے۔
ملتان میں احتجاجی مظاہرہ جنگ جیو آفس کے باہر کیا گیا، جس میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور جنگ ورکرز نے شرکت کی۔
ریزیڈنٹ ایڈیٹر جنگ ظفر آہیر، سینئر صحافی رفیق ملک، مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی ارشد بوٹا، اسلم ہمایوں اور دیگر نے شرکت کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔
بہاولپور میں جنگ، جیو، دی نیوز ورکرز ایکشن کمیٹی اور بہاولپور یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلب ممبران کی جانب سے جنگ، جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف پریس کلب میں احتجاج آج بھی جاری رہا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن امین عباسی اور بہاولپور یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل راشد ہاشمی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے میر شکیل الرحمٰن کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
راجن پور میں جنگ جیو کے ایڈیٹرانچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، صحافی برادری نے پریس کلب سے درہ مچھی والا چوک تک ریلی نکالی۔
شرکاء نے میر شکیل الرحمٰن کی غیرقانونی گرفتاری کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔
نواب شاہ پریس کلب کی جانب سے جنگ اور جیو نیوز کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف پاک کالونی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرو، جھوٹے مقدمات ختم کرو، صحافت پر قدغن نامنظور کے نعرے لگائے۔