مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان فاشسٹ مائنڈ کے تحت کارروائیاں کررہے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت عالمی وبا اور چیلنج کا سامنا ہے جبکہ حکومت کنفیوزڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جب اقتدار میں آئی تو اس نے کچھ ایس او پیز کا اظہار کیا تھا، جو عوام کے ساتھ مذاق تھا، یہ فیصلہ نہیں کر پارہے تھے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے کہ نہیں جانا۔
احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم اس دوران 2 قدم آئی ایم ایف کی طرف اٹھاتے اور 4 قدم پیچھے چلے جاتے، 10 ماہ انہوں نے ایسے ہی کھیل کھیل میں پاکستان کی معیشت تباہ کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا جب سے آئی ہے حکومت یہ فیصلہ نہیں کر پارہی کہ اسے لاک ڈاؤن کرنا ہے یا نہیں کرنا، یہ دو قدم لاک ڈاؤن کی طرف اٹھاتے اور پھر واپس لے لیتے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پرویز الہٰی کو پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی پاداش میں عمران خان نیب کے ذریعے تنگ کررہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف، بلیغ الرحمٰن اور رانا ثنا اللّٰہ کو نوٹس دے کر یہ ہمارا نظریہ تبدیل نہیں کرسکتے۔
سردار ایاز صادق نے مطالبہ کیا کہ ترمیم نہیں نیب کو مکمل ختم کرنا ہوگا۔