ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، عدالت کی جانب سے تینوں ملزمان کے حتمی بیانات جیل میں ہی قلمبند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ملزمان کے بیان قلمبند کرنے کے لیے 13 مئی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
عدالت کی جانب سے کیس میں نامزد ملزمان خالد شمیم، محسن اور معظم علی سے تحریری جواب پر جج کے سامنے دستخط لئے جائیں گے ۔
عالمی وباء کورونا وائرس کے سبب ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش نہیں کیا جا ئے گا ۔
واضح رہے کہ عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے شواہد مکمل ہونے پر ملزمان کو جواب کے لیے سوالنامہ فراہم کیا تھا۔
عمران فاروق قتل کیس میں ملزمان کی عدم پیشی کے باعث کیس حتمی مراحل پر التوا کا شکار تھا ۔