• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی انکوائری کمیشن کی 6 مالکان سے پوچھ گچھ مکمل

چینی انکوائری کمیشن کی 6 مالکان سے پوچھ گچھ مکمل


چینی انکوائری کمیشن کی 9 شوگر ملز کے 6 مالکان اور عہدیداروں سے ابتدائی پوچھ گچھ مکمل ہوگئی ہے۔

شوگر ملز مالکان نے تحقیقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تمام 80 شوگر ملزم کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

شوگر ملز مالکان نے کہا کہ صرف نو ملز مالکان کیخلاف تحقیقات مخصوص شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کیلئے کی جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مل مالکان نے کمیشن سے 40 ہزار غیر رجسٹرڈ چینی خریداروں سے متعلق بھی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے پوچھ گچھ کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

اپنے ایک بیان میں آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی تمام 80 شوگر ملز کی تحقیقات کرائی جائے، صرف 9 ملز مالکان کیخلاف تحقیقات مخصوص شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کے لیے کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آل پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے صدر اسلم فاروق سمیت مختلف عہدے دار واجد ضیاء کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور بیانات قلمبند کرائے۔

تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے نمائندے محمد فاروق نے الزام لگایا کہ جہانگیر ترین کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، سب ملز مالکان کو بلایا جائے پھر غیرجانبدارانہ تحقیقات ہوگی۔

ملز ایسوسی ایشن عہدیداروں نے موقف اختیار کیا کہ 40 ہزار غیر رجسٹرڈ چینی خریدار کے بارے میں ایف بی آر سے پوچھ گچھ کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے گنجائش پیدا کی کہ ایف بی آر میں غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد بھی چینی کی خرید و فروخت کرسکتے ہیں، اس طرح سیلز ٹیکس میں چوری کا راستہ کھولا گیا۔

تحقیقاتی کمیشن کے سامنے یہ بات آئی کہ حمزہ شوگر ملز نے 31 ہزار غیررجسٹرڈ خریداروں کو چینی فروخت کی جبکہ 50 ہزار غیررجسٹرڈ خریداروں کا ٹیکس ریکارڈ ہی نہیں۔

تازہ ترین