• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کا وفاقی اکائیوں کے خلاف بیان قابل مذمت ہے، رانا ثناءاللہ

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  وفاق کی علامت ادارے میں کھڑے ہوکر اکائیوں پر حملے قابلِ قبول نہیں۔  وفاق اپنے رویے، بیانات اور تقاریر سے اکائیوں میں تقسیم پیدا کر رہا ہے۔

ایک بیان میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ‎وفاق کو اکائیوں سے ماں جیسا سلوک کرنا تھا، موجودہ ٹولہ رحم، وفا، اتحاد، یک جہتی جیسی صفات سے ہی محروم ہے۔

‎انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف قومی اتحاد پیدا کرنے، صوبوں کی مدد کے بجائے وفاقی حکومت صرف دشنام طرازی کررہی ہے، اور ‎کورونا کے بجائے وفاق صوبوں سے لڑ رہا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ‎شاہ محمود قریشی اپنی سیاسی حسرتوں کا جمعہ بازار لگانے کے بجائے نالائق حکومت کی کارکردگی بتاتے۔

انہوں نے کہا کہ ‎ قریشی صاحب وفاق پر جعلی دانشوری جھاڑنے کے بجائے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لائیں۔

‎رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ کورونا کے مسئلے پر وزیر خارجہ کی کارکردگی تقریر، تصویر اور ذاتی تشہیر تک محدود ہے۔

تازہ ترین