• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وادی کوئٹہ میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار


وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد کوئٹہ اور گرد و نواح میں دوپہر کے وقت ہلکی بارش شروع ہوئی۔

وادی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہا، بارش کے بعد سے وادی کوئٹہ میں موسم خوشگوار ہے اور گرمی میں کمی آئی ہے۔

کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں ہلکی ہلکی ہوا چل رہی ہے، مطلع ابر آلود ہے اور مزید کارش کا امکان ہے۔

کورونا کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث دنیا بھر میں انسانی سرگرمیاں محدود ہو گئی ہیں، جس کے حوالے سے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی میں ہیٹ ویوز کے دورانیے اور شدت میں کمی کا ایک سبب ماحولیاتی آلودگی کا کم ہونا بھی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے لاک ڈاؤن کیے گئے۔

لاک ڈاؤن لگانے کے بعد لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا بند ہوا تو فضائی آلودگی میں بہتری دکھائی دی۔

اگر مئی کے مہینے کی بات کی جائے تو اسے سال کا گرم ترین مہینہ سمجھا جاتا ہے، اور پاکستان میں پچھلے 5 سے 6 سالوں میں اس ماہ میں مسلسل ہیٹ ویوز آتی رہی ہیں۔ تاہم رواں سال مئی میں گرمی کی شدت زیادہ نہیں ہے۔

ماہرینِ موسمیات کا ماننا ہے کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں موسم کافی بہتر ہے اور اس کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں، ایک تو مغربی ہواؤں کے سسٹم کا تواتر کے ساتھ پاکستان کا رخ کرنا اور دوسرا لاک ڈاؤن کے باعث صنعتیں بند ہونا، ٹریفک میں کمی اور انسانی سرگرمیاں محدود رہنا ہے جس سے آلودگی میں کمی نے گرمی کی شدت بھی معتدل کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث 13 یا 14 مئی کے صبح شہر میں کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے، 16 مئی تک درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی تک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ 17 مئی سے ہواؤں کے رخ میں تبدیلی سے موسم گرم ہوسکتا ہے۔

تازہ ترین