سندھ میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں اور ایس او پی پر عمل نہ کرنے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی، خلاف ورزی کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ دینا پڑے گا۔
سندھ میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں اور ایس او پی پر عمل نہ کرنے پر نیا قانون رائج کر دیا گیا ہے جس کے تحت ریکارڈ جرمانہ ہوگا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وبائی امراض ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دے دی، ترمیمی آرڈیننس کے تحت جرمانے کی رقم بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی گئی۔
سندھ وبائی امراض ایکٹ کی کسی بھی شق کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا، سندھ کابینہ نے 27 اپریل کو وبائی امراض آرڈیننس کی منظوری دی تھی۔
اس سے قبل وبائی امراض ایکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ 3 ہزار روپے تھا، وبائی امراض ایکٹ کے تحت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن اور پابندیاں عائد ہیں۔
آرڈیننس کے متن کے مطابق لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر عمل نہ کرنے، وبائی مرض پھیلانے کا سبب بننے پر بھی جرمانے کا اطلاق ہوگا۔
یہ بھی پڑھیئے: وزیر اعلیٰ سندھ نے دوبارہ لاک ڈاؤن سے خبردار کر دیا
متن میں کہا گیا ہے کہ وبائی مرض کو پھیلنے سے روکنے میں ناکامی پر بھی اسی آرڈیننس کےتحت کارروائی ہوگی۔
آرڈیننس کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ افسر جرمانہ عائد کرنے کی ٹھوس وجوہات تحریر کرنے کا پابند ہوگا، جبکہ بار بار خلاف ورزی پر الگ الگ جرمانہ ہوگا۔