اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہبازشریف پر حکومتی الزامات کی تردید کرتے ہوئےاسے عوام سے فراڈ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ شہبازشریف کا کسی کمپنی اور چیک سے کوئی تعلق نہیں، شہباز شریف پہ الزامات کی دھند میں کورونا سے مرتے ہوئے پاکستانیوں کو چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر شہباز شریف کا کسی کمپنی ، کسی چیک سے کوئی تعلق ہوتا ، کوئی کرپشن ہوتی تو نیب سپریم کورٹ سے شہباز شریف کیخلاف درخواست واپس نہ لیتی، نیب نیازی گٹھ جوڑ کی عدالتوں میں ناکامی اب میڈیا ٹرائل میں تبدیل ہوگئی ہے، شہباز شریف کیخلاف کرپشن ، کمیشن ، یا سرکاری خزانے سے کرپشن کا ثبوت ہے تو عوام کے سامنے لائیں،جن کمپنیوں اورچیکس کا کرائے کے معاون خصوصی شہزاد اکبر ذکر کررہے ہیں ، انہیں پی آئی ڈی نہیں، عدالت لیکر جائیں، شہزاد ا کبر اگلی پریس کانفرنس عمران صاحب کے اربوں روپے کے 23 خفیہ اکاونٹس، فارن فنڈنگ، مالم جبہ،ہیلی کاپٹرکیسز، بلین ٹری سونامی، 100 ارب کے بی آرٹی کھڈوں، 500 ارب آٹا چینی اور 580 ارب سے زائد ادویات کے ڈاکے پر کریں اور شواہد قوم کے سامنے پیش کریں، شہزاد اکبر اگلی پریس کانفرنس میں 507 ارب کی مہنگی چینی بیچنے ، سبسڈی دینے اور ایکسپورٹ کا فراڈ کرنیوالوں کے ڈاکے کی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں۔