امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ جب تک کورونا ٹیسٹ فری نہیں ہوتا مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آئےگی، کورونا ٹیسٹ اتنا مہنگا ہے کہ ٹیسٹ کروانا غریب کے بس کی بات نہیں ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کورونا مریضوں کے ساتھ اچھوتوں والا سلوک ہوتا ہے، سلوک دیکھ کر کوئی بھی خود کو مریض ظاہر کرنے پر تیار نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر کی سپر طاقتیں کورونا کے معمولی وائرس کے سامنے بے بس ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان طاقتوں نے دنیا بھر میں خاص طور پر مسلمانوں پر زندگی تنگ کر رکھی تھی۔
سراج الحق نے کہا کہ کشمیر میں جاری ظلم و جبر پر ہماری حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، حکومت اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں میں مسئلہ کشمیر پھر پوری قوت سے اٹھائے۔