کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’نیاپاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے پیسے کاٹنا چاہتی ہے،وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ پنجاب میں آدھی سیٹیں خالی رکھ کر ٹرانسپورٹرز سے کرائے کیسے کم کروائے جائیں گے،وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے کرائے کم کرنے کیلئے کہا ہے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یوٹرن لینا تحریک انصاف کا خاصہ ہے، میں نے این ایف سی ایوارڈ پر یوٹرن نہیں لیا ،میں نے کل جو بات کی اس میں ایک غلطی تھی، اگر وفاق سارے پیسے رکھ لے تب بھی معیشت پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑے گا، جب ریونیوز بڑھ رہے ہوں تو صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ میں ایڈوانٹیج حاصل ہے، ن لیگ کے دور میں چاروں صوبے وفاق کے خلاف ہوتے تھے، کوئی صوبہ بھی ایک پیسہ وفاق کو دینے کیلئے تیار نہیں تھا بلکہ اضافی پیسوں کی ڈیمانڈ تھی، اس وقت جب بھی مسئلہ ہوا تو پنجاب نے رعایت دی جس پر باقی صوبوں کو حق مل سکا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے پیسے کاٹنا چاہتی ہے، حکومت 10ویں این ایف سی ایوارڈ میں یہ فیصلہ کرنا چاہتی ہے تو آئینی ترمیم لے آئے، اب معیشت کی حقیقت بدل گئی ہے اور گروتھ ختم ہوگئی ہے، وفاق ہو یاصوبہ ہو کسی کے پاس پیسے نہیں ہیں، صوبوں کے پیسے کاٹ کر وفاق کو دیں گے توصوبہ کہاں سے خرچہ کرے گا، وفاق کا کام پیسے کما کر صوبوں کو شیئر دینا ہے، وفاق نہیں کمائے گا تو صوبوں کی آمدنی بھی کم ہوجائے گی، وفاق نالائق ہے پیسے نہیں کماسکتا تو اسے اپنی نالائقی کا اثر صوبوں پر نہیں ڈالنا چاہئے، وفاق ملک کو ترقی دے کر زیادہ پیسے کمائے اس طرح ان کا حصہ بھی بڑھ جائے گا۔