• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نیازی گٹھ جوڑ نے دو سال الزامات کا پہاڑ کھودا، مریم اورنگزیب

نیب نیازی گٹھ جوڑ نے دو سال الزامات کا پہاڑ کھودا، مریم اورنگزیب


لاہور( نمائندہ جنگ، ایجنسیاں ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ نے دو سال الزامات کا پہاڑ کھودا اور نکلا49 لاکھ کے الزام کا مرا ہوا بدبودارچوہا،شہباز شریف کا کاروبار ڈکلیئرڈ ہے سالانہ 8کروڑ انکم ٹیکس دیتے ہیں ان پر 49 لاکھ کامضحکہ خیز الزام لگانے پر نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ڈوب مرنا چاہیے۔ 

مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر اپنے رد عمل میں کہا کہ اربوں کھربوں کے منصوبے لگانے اور ان میں اربوں کی بچت کرنے والے شہبازشریف پر 49 لاکھ کا الزام احتساب کے جنازے کی فاتحہ ہے۔

اربوں کھربوں کے الزامات لگانے والے اب49 لاکھ کے الزام تک آپہنچے ہیں،عمران خان نے آئی ایف ایم جانے پر تو خود کشی نہیں کی لیکن 49 لاکھ کے الزام پر ہی خود کشی کرلیں کیونکہ ان کا کرپشن کا جھوٹا بیانیہ اب نہیں بک رہا ۔

احتساب کے ٹھیکیداروں کو 4 چیلنج دئیے تھے جن کا اب تک جواب نہیں آیا،نیب نیازی گٹھ جوڑ نے شہبازشریف کی کرپشن کا ثبوت لانا تھا ،عوام تو وہ سننا اور دیکھنا چاہتے تھے،شہبازشریف کے بارے میں میرے چیلنج کا عمران صاحب نے جواب دینا نہیں، نیب نے نوٹس لینا نہیں، جوکر ہی جواب دیدیں، ناکام، شرمندہ اور ہارے ہوئے ٹولے کاشریف خاندان اور مسلم لیگ (ن)کے خلاف کرپشن کا بیانیہ جھوٹ ثا بت ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی خدمت کے امتحان میں فیل ہوچکی ہے، کرپشن میں رنگے ہاتھوں پکڑی جاچکی ہے، اس لئے سیاسی مخالفین کا میڈیا ٹرائل جاری ہے ، عمران صاحب کی آٹا چینی چوری ڈکیتی کی رپورٹ چھپائی جارہی ہے اس لئے نیب نیازی گٹھ جوڑ ہر روز تماشہ لگاتا ہے۔

کمپنیز آرڈیننس میں ترمیم کے ذریعے نئی ڈکیتی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے پریس کانفرنس کی گئی ، عمران صاحب کے اربوں روپے کے 23 خفیہ اکائونٹس، فارن فنڈنگ، مالم جبہ،ہیلی کاپٹرکیسزمیں کرپشن ہوئی اس کا حسا ب دیں ،بلین ٹری سونامی، 100 ارب کے بی آرٹی کھڈوں، 500 ارب آٹا چینی اور 580 ارب سے زائد ادویات کے ڈاکے کا حساب دیں۔

عمران صاحب کے فارن فنڈنگ کے وہ چیک پیش کریں جس پران کے دستخط ہیں اور ان کی چوری اسٹیٹ بنک کا ریکارڈ کا حصہ ہے ،عمران صاحب کی منی لانڈرنگ، حوالہ اور ہنڈی کا الیکشن کمیشن میں چھپایاگیا ریکارڈ عوام کے سامنے کیوں پیش نہیں کیاجارہا ؟

مسلم لیگ (ن )کے رہنما ملک احمد خان،سیکرٹری اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری،عطاء اللہ تارڑ اور رانا مشہود احمد نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہزاد اکبر نے اپنی زندگی میں کبھی نیب پروسیڈنگ پڑھیں؟شہزار اکبر اربوں کی کرپشن کے الزامات لگاتے لاکھوں پر آگئے ہیں،حکومتی وزراء پریس کانفرنسز کے ذریعے نیب اور ایجنسیز کو ہدایات دیتے ہیں۔

ملک احمد خان نے کہا کہ کس قانون کے تحت کابینہ اراکین تحقیقات کو کنٹرول کر سکتا ہےجتنی بھی تحقیقات ہیں سب سیاسی بنیادوں پر کی جا رہی ہیں۔

سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے سیاسی مداخلت سے فیصلہ جانبدار ہوگا۔شہزدا اکبر وکیل ہیں کبھی آپ نے بنک ڈاکومنٹس پڑھے؟شہزاد اکبر نے پاکستان کے آئین اور قانون کا مذاق بنا دیا ہے۔۔

تازہ ترین