اسلام آباد (جنگ نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ حکومت اخبار فروشوں کے مسائل اور معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ظفر بختاوری اور تحریک انصاف کے مقامی رہنما جمشید مغل شامل تھے۔ اس موقع پر ٹکا خان نے اخبارفروشوں کے مالی مشکلات کے حوالے سے اپنی گزارشات میں کہا کہ کورونا وائرس کے نتیجے میں اگرچہ اخبارات شائع ہو رہے ہیں لیکن اخبارات کی ترسیل، سپلائی اور ڈیمانڈ میں بہت زیادہ کم ہو چکی ہے، اس وقت اخبار فروش مالی مشکلات کا شکار ہیں اور حکومت جس طرح دیگر پسے ہوئے طبقات ، مزدوروں اور چھوٹے تاجروں کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کر رہی ہے،اسی طرح اخبار فروشوں کے لئے بھی ریلیف پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے ۔ظفر بختاوری نے اس موقع پر اسد عمر کو بتایا کہ ٹکا خان پاکستان کے اخباری صنعت کے ایک ممتاز لیڈر ہیں اور انہوں نے اپنی ساری زندگی اخبارفروشوں کے حقوق کی جدوجہد میں صرف کی ہے ۔اخبار فروشوں کے مسائل کو حل کرنے سے حکومت کی نیک نامی میں مزید اضافہ ہوگا اس لئے ان کے لیے معاشی پیکیج جاری کیا جائے ۔تحریک انصاف کے مقامی رہنما جمشید مغل نے اخبار فروشوں کی پاکستان بھر میں گزشتہ انتخابات میں تحریک انصاف کے لیے حمایت اور مہم میں بھرپور شرکت سے بھی اسد عمر کو آگاہ کیا اور ان کے حقوق کے لئے سفارش کی۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومت جلد اس سلسلے میں پلان تیار کرکے اخبارفروشوں کو ریلیف فراہم کرے گی ۔