پاکستانی اداکار و ماڈل عمران عباس کا کہنا ہے کہ میں اپنے مرحوم والد سے بہت زیادہ مشابہت رکھتا ہوں۔
تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عمران عباس نے اپنے مرحوم والد کی جوانی کی تصویر اور اپنی ایک تصویر کا فوٹو کولاج شیئر کیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کیے جانے والے فوٹو کولاج کو اداکار نے ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’جب میں چھوٹا تھا تو اپنے والد کی یہ تصویر دیکھتا تھا اور خود سے سوال کرتا تھا کہ کیا میں بھی اِن کے جیسا پُرکشش آدمی بنوں گا؟
عمران عباس نے اپنے مرحوم والد کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے والد مجھے تھپکی دیتے تھے اور یقین دلاتے تھے کہ ایک دن مجھ میں اُن کا عکس نظر آئے گا۔‘
اداکار نے لکھا کہ ’میں اپنے والد کی اِس بات کو بھول گیا تھا لیکن اب لاک ڈاؤن میں جب اپنے والد کی تصاویر کو دیکھا تو مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں اپنے والد سے کتنا مشابہت رکھتا ہوں۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’میرے والد ہمیشہ ٹھیک کہتے تھے، آج خود میں والد کاعکس دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘
عمران عباس نے اپنے اِس پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ ’گھر میں چُھپی خوشیاں‘ بھی استعمال کیا ہے۔
اداکار نے لاک ڈاؤن کی اِس خوبصورت مہم میں اداکارہ ریما خان، زاہد احمد، لیلیٰ واسطی سمیت دیگر دوستوں کو بھی نامزد کیا ہے۔
یاد رہے کہ عمران عباس جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’خدا اور محبت‘ میں اپنی بہترین اداکاری کے سبب مشہور ہوئے تھے۔
اُنہوں نے 2013 میں لالی ووڈ فلم ’انجمن‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اُن کے مشہور ڈراموں میں خدا اور محبت، عمراؤ جان، میری ذات ذرہ بے نشاں اور ڈر خدا سے سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ عمران عباس کے والد گزشتہ سال اِس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔